سورۃ الفجر: آیت 14 - إن ربك لبالمرصاد... - اردو

آیت 14 کی تفسیر, سورۃ الفجر

إِنَّ رَبَّكَ لَبِٱلْمِرْصَادِ

اردو ترجمہ

حقیقت یہ ہے کہ تمہارا رب گھات لگائے ہوئے ہے

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Inna rabbaka labialmirsadi

آیت 14 کی تفسیر

ان ربک ........................ صاد (14:89) ” حقیقت ہے کہ تمہارا رب گھات لگائے ہوئے ہے “۔ یعنی تمہارا رب حاضر وناصر ہے۔ وہ دیکھ رہا ہے اور اس کی نظروں سے کوئی چیز اوجھل نہیں ہوتی۔ وہ نگرانی کررہا ہے اور اس کی نظر سے کوئی چیز پوشیدہ نہیں ہے۔ لہٰذا ایمان والوں کو چاہئے کہ وہ مطمئن ہوں ، ان کی مصیبتیں دور ہوں گی اس لئے کہ رب دیکھ رہا ہے اور وہ شر و فساد کا دفعیہ خود کرے گا اور قیامت میں سزا بھی دے گا۔

ہم دیکھتے ہیں کہ اس دنیا میں دعوت اسلامی کو نہایت ہی عجیب طریقوں سے مدد دی جاتی ہے ہر جگہ اصحاب اخدود والا طریقہ پیش نہیں آتا۔ اسی طریقے کے مطابق قرآن دین کے لئے کام کرنے والوں کی اسی انداز سے تربیت کرتا ہے اور مختلف حالات اور مختلف ماحول میں مختلف انداز سے ان کی تربیت اور نصرت ہوتی رہتی ہے اور داعیان حق کے لئے اطمینان کا سامان ہوتا رہتا ہے۔ اہل ایمان دو باتوں کی توقع رکھتے ہیں اور اپنی جدوجہد کے بعد فیصلہ اور انجام اللہ کی مشیت کے حوالے کردیتے ہیں کہ وہ دیکھ رہا ہے۔

تمہارا رب گھات لگائے بیٹھا ہے۔ حاضروناظر ہے ، دیکھ رہا ہے ، حساب و کتاب تیار ہورہا ہے اور نہایت ہی صحیح اعمال نامے کی اساس پر وہ جزاء وسزادے گا۔ جس میں نہ غلطی ہوگی ، نہ ظلم ہوگا اور نہ وہ دنیا کے حساب کی طرح محض ظاہری حالات پر مبنی ہوگا بلکہ وہاں تو تمام امور کا فیصلہ حقائق کے مطابق ہوگا۔ رہا انسان تو دنیا میں اس کے موازنے بھی غلط ہوجاتے ہیں۔ اندازے بھی غلط ہوجاتے ہیں اور شہادتوں میں بھی وہ ظاہر پر فیصلہ کرتا ہے ، الایہ کہ وہ کوئی فیصلہ اللہ کی شریعت کے مطابق کرے اور اسلامی تصور حیات کے مطابق سوچے۔

آیت 14{ اِنَّ رَبَّکَ لَبِالْمِرْصَادِ۔ } ”بیشک آپ کا رب تو سرکشوں اور مفسدوں کی تاک میں ہے۔“ یعنی کوئی فرد ہو یا کوئی قوم ‘ جو کوئی بھی اللہ تعالیٰ سے سرکشی کرے گا اللہ تعالیٰ اسے اس جرم کی سزا ضرور دے گا۔

آیت 14 - سورۃ الفجر: (إن ربك لبالمرصاد...) - اردو