سورہ نازیہ: آیت 46 - كأنهم يوم يرونها لم يلبثوا... - اردو

آیت 46 کی تفسیر, سورہ نازیہ

كَأَنَّهُمْ يَوْمَ يَرَوْنَهَا لَمْ يَلْبَثُوٓا۟ إِلَّا عَشِيَّةً أَوْ ضُحَىٰهَا

اردو ترجمہ

جس روز یہ لوگ اسے دیکھ لیں گے تو انہیں یوں محسوس ہوگا کہ (یہ دنیا میں یا حالت موت میں) بس ایک دن کے پچھلے پہر یا اگلے پہر تک ٹھیرے ہیں

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Kaannahum yawma yarawnaha lam yalbathoo illa AAashiyyatan aw duhaha

آیت 46 کی تفسیر

کانھم .................... ضحھا (46:79) ” جس روز یہ لوگ اسے دیکھ لیں گے تو انہیں یوں محسوس ہوگا کہ (دنیا میں یا حالت موت میں) یہ بس ایک دن کے پچھلے پہر یا اگلے پہر تک ٹھہرے ہیں “۔

اس کے بارے میں تمہارے تاثرات یوں ہوں گے کہ اس کی عظمت کو دیکھ کر تم پوری دنیا کو اور اپنی پوری عمروں کو اور اپنے سازوسامان کو یوں سمجھو گے کہ شاید صبح وشام کا ایک مختصر وقت تھا جو ہم نے دنیا میں بسر کیا۔

یہ دنیا جس کے لئے لوگ باہم لڑتے اور جھگڑتے ہیں۔ اور ایک دوسرے کے ساتھ انہوں نے ہمہ گیر کشمکش برپا کی ہے۔ اس دنیا کے لوگ مرتے ہیں اور آخرت کی لازوال اور بےپناہ انعامات کو اس کی خاطر ترک کرتے ہیں اور اس مختصر مدت کے لئے عظیم جرائم اور مظالم کا ارتکاب کرتے ہیں ، نافرمانی کرتے ہیں ، سرکشیاں کرتے ہیں ، اور رات اور دن اس کی طلب میں غرق ہیں۔ یہ دنیا ان دنیاداروں کی نظروں میں اس قدر سمٹ اور سکڑ جائے گی کہ وہ کہیں گے کہ ہم تو صرف اتنا عرصہ رہے ہیں جس طرح صبح کے وقت کا ایک مختصر حصہ یا شام کا ایک حصہ۔

یہ ہے دنیا ، مختصر ، جلدی سے فنا ہونے والی ، حقیر وناپائیدار ، کم قیمت اور گھٹیا۔ کیا لوگ اس دنیا کے ایک مختصر وقت کے لئے جس کے بارے میں خود ان کا تاثر یہ ہگا کہ یہ ایک پورے دن کے برابر بھی نہیں ہے۔ بلکہ صبح وشام کے ایک پہر کے برابر ہے۔ ابدی زندگی اور اس کی نعمتوں کو ترک کررہے ہیں حالانکہ اس دنیا کی خواہشات بھی زائل ہونے والی خواہشات ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ انسان ایک عظیم حماقت میں مبتلا ہے۔ کوئی ذی عقل اور چشم بینارکھنے والا انسان تو یہ فعل نہیں کرسکتا۔

آیت 46{ کَاَنَّہُمْ یَوْمَ یَرَوْنَہَا لَمْ یَلْبَثُوْٓا اِلَّا عَشِیَّۃً اَوْ ضُحٰٹہَا۔ } ”جس دن وہ اسے دیکھیں گے انہیں یوں لگے گا گویا وہ نہیں رہے دنیا میں مگر ایک شام یا اس کی ایک صبح۔“ قیامت کے دن انسان جب اپنی دنیوی زندگی کو یاد کرے گا تو اسے اپنی پوری زندگی ایسے نظر آئے گی جیسے وہ ایک دن کی بھی صرف چند گھڑیاں دنیا میں رہا تھا۔

آیت 46 - سورہ نازیہ: (كأنهم يوم يرونها لم يلبثوا إلا عشية أو ضحاها...) - اردو