سورہ نور: آیت 24 - يوم تشهد عليهم ألسنتهم وأيديهم... - اردو

آیت 24 کی تفسیر, سورہ نور

يَوْمَ تَشْهَدُ عَلَيْهِمْ أَلْسِنَتُهُمْ وَأَيْدِيهِمْ وَأَرْجُلُهُم بِمَا كَانُوا۟ يَعْمَلُونَ

اردو ترجمہ

وہ اس دن کو بھول نہ جائیں جبکہ ان کی اپنی زبانیں اور ان کے اپنے ہاتھ پاؤں ان کے کرتوتوں کی گواہی دیں گے

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Yawma tashhadu AAalayhim alsinatuhum waaydeehim waarjuluhum bima kanoo yaAAmaloona

آیت 24 کی تفسیر

(یوم تشھد علیھم السنتھم وایدیھم وارجلھم) (24 : 24) ” وہ اس دن کو بھول نہ جائیں جبکہ ان کی اپنی زبانیں اور انکے اپنے ہاتھ پائوں ان کے کرتوتوں کی گواہی دیں گے “۔ ان میں سے بعض بعض پر الزمات عائد کردیں گے کہ تم لوگ پاک دامن ‘ بیخبر مومن عورتوں پر بہتان تراشی کرتے تھے۔ یہ اس منظر میں ایک نہایت ہی موثر تقابل ہے کہ جس طرح وہ جھوٹے الزامات لگاتے ہیں ‘ اسی طرح ان کے خلاف سچے الزام ہوں گے۔

آیت 24 یَّوْمَ تَشْہَدُ عَلَیْہِمْ اَلْسِنَتُہُمْ وَاَیْدِیْہِمْ وَاَرْجُلُہُمْ بِمَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ ”شَھِدَکے بعد جب عَلٰی آتا ہے تو یہ کسی کے خلاف شہادت دینے کا مفہوم دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کے حوالے سے یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کرلیں کہ انسان کا جسم اور اس کے تمام اعضاء اللہ تعالیٰ کی امانت ہیں۔ اگر وہ اپنے کسی عضو کو اللہ کی نافرمانی یا گناہ کے کسی کام میں استعمال کرتا ہے تو وہ عضو اپنی جگہ احتجاج تو کرتا ہے مگر انسان کی حکم عدولی نہیں کرتا ‘ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے انسان کے تمام اعضاء کو اس کے تابع کر رکھا ہے۔ لیکن قیامت کے دن یہ اعضاء اس طرح انسان کے تابع نہیں رہیں گے اور اللہ تعالیٰ کے حکم سے اس کے خلاف گواہ بن کر اس کے گناہوں کی ایک ایک تفصیل کے بارے میں بتائیں گے۔

آیت 24 - سورہ نور: (يوم تشهد عليهم ألسنتهم وأيديهم وأرجلهم بما كانوا يعملون...) - اردو