انسانی معلومات کی حد تک سب سے بڑا ذخیرہ آب سمندر ہے۔ انسان جو علوم لکھتے ہیں وہ سیاہی کے ساتھ لکھتے ہیں۔ اپنے علم کو وہ روشنائی کی شکل میں کاغذ پر لاتے ہیں اور خیال کرتے ہیں کہ ان کا علم بہت ہی وسیع ہے۔
قرآن مجید یہاں ان کو یہ سمجھاتا ہے کہ اگر ان وسیع اور گہرے سمندروں کو روشنائی بنا دیا جائے اور اللہ کے علم کو لکھنا شروع کیا جائے ، تو یہ سمندر تو خشک ہوجائیں گے مگر اللہ کے علوم ختم نہیں ہو سکتے۔ ذرا آگے سوچو کہ اس سمندر جتنا اور سمندر لے آئے ہم ۔ دوسرا سمندر بھی ختم ہوگیا ، مگر اللہ کے کلمات و علوم ختم نہ ہوئے۔
اس محسوس تصور ، اور اس مجسم حرکت کے ذریعے انسانی محدود و تصور اور ناپختہ شعور اور قاصر قوت مدرکہ کے قریب حقیقت لائی گئی کہ اللہ کا بہت وسیع ہے۔ اگرچہ اللہ کے علم کی وسعت کی حقیقت اب بھی ہمارے اور اس کی حدود سے وراء ہے۔
یہ ہے وہ مقصد ، یعنی تقریب الی الافھام ، جس کے لئے قرآن کریم امثال لاتا ہے اور نہایت ہی گہرے اور ناقابل فہم معانی کو ایک مشاہدے اور تصویر کی شکل میں انسانی فہم و ادراک کے قریب لایا جاتا ہے۔
اس مثال میں بحر کو چونکہ انسان بہت ہی وسیع سمجھتا ہے اور اپنے علم کو بھی سمندر کی طرح بہت ہی وسیع سمجھتا ہے ، اس لئے قرآن بتاتا ہے کہ وسیع اور گہرا ہنے کے باوجود یہ سمندر بھی محدود ہے اور کلمات جو علم الٰہی کو ظاہر کرتے ہیں ، لامحدود ہیں۔ انسان ان کی انتہا تک نہیں پہنچ سکتا۔ انسان علم الٰہی کا نہ ادراک کرسکتا ہے ، نہ اسے قلم بند کرسکتا ہے اور نہ اس کی نقل کرسکتا ہے۔
انسان اپنے انفس و آفاق کی دنیا میں جو معمولی سی پیش رفت کرلیتا ہے ، وہ اس پر بھی اترانا شروع کردیتا ہے اور سمجھتا ہے کہ شاید اسے بہت بڑی علمی فتح حاصل ہوگئی ہے۔ بعض کو تو یہ غلط فہمی ہوجاتی ہے کہ وہ سب کچھ جان گئے ہیں یا جلد ہی سب کچھ جان لیں گے۔
لیکن عالم مجہول انسان کے سامنے ایسے آفاق رکھتا ہے جن کو سر کرنا اور جن تک انسان کا پہنچ جانا نہایت ہی دور کی بات ہے۔ انسان جب بھی اپنے حقیقی علم کا جائزہ لے گا کہ وہ سمجھے گا کہ وہ تو ابھی تک ساحل ہی پر کھڑا ہے۔
انسان آج تک اللہ کے جن علوم کو دائرہ علم اور دائرہ تحریر میں لاسکا ہے وہ علم الٰہی کا ایک نہایت ہی محدود اور قلیل حصہ ہیں کیونکہ محدود اور لامحدود کے درمیان ہم کوئی نسبت قائم نہیں کرس کتے اور نہ ان کے درمیان کوئی نسبت ہے۔ چہ نسبت خاک رابا عالم پاک۔
غرض انسان جس قدر علوم چاہے سیکھے اور اس کرئہ ارض کے بارے جو انکشافات چاہے ، کرے۔ لیکن اسے چاہئے کہ غرور علمی کو ذرا تھوک دے ۔ اس کے علم کی انتہا اگر یہ ہو کہ ” سمندر روشنائی بن کر خشک ہوجائے تو بھی علم الٰہی کی تحریر و تشدید ختم نہ ہوگی اگرچہ اس جیسا کوئی اور سمندر بھی لے آیا جائے ، کلمات الہیہ کا اختتام نہ ہو سکے گا۔
علم انسانی کی محدود یت کو ثابت کرنے کے لئے آپ انسانی شعور کی تاروں کو تیسری مرتبہ چھیڑا جاتا ہے۔ یہاں انسان کے مرتبہ و کمال کی تصویر کشی کی جاتی ہے اور رسالت آخیرہ کی ایک جھلک دکھائی جاتی ہے کہ نبی آخری الزمان کا علم بھی ذات باری کی لامحدود علم کے مقابلے میں بہت ہی محدود ہے۔ انسانی فکر و نظر اس کے لامحدود علم کے مقابلے میں قاصر ہی رہے گا۔
آیت 109 قُلْ لَّوْ كَانَ الْبَحْرُ مِدَادًا لِّكَلِمٰتِ رَبِّيْ لَنَفِدَ الْبَحْرُ قَبْلَ اَنْ تَنْفَدَ كَلِمٰتُ رَبِّيْ وَلَوْ جِئْنَا بِمِثْلِهٖ مَدَدًایہاں پر سورة بنی اسرائیل کی آخری آیت سے پہلے کی آیت کو دوبارہ ذہن میں لائیں : قُلِ ادْعُوا اللّٰہَ اَوِ ادْعُوا الرَّحْمٰنَط اَیًّامَّا تَدْعُوْا فَلَہُ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰی ”آپ کہہ دیجیے کہ تم پکارو اللہ کہہ کر یا پکارو رحمن کہہ کر جس نام سے بھی تم پکارو اسی کے ہیں تمام نام اچھے“۔ سورة بنی اسرائیل کی اس آیت میں اللہ تعالیٰ کے اسماء کا ذکر ہے ‘ جبکہ یہاں آیت زیر نظر میں اللہ تعالیٰ کے کلمات کا ذکر ہے۔ اللہ کے کلمات سے مراد اس کی مختلف النوع مخلوقات ہیں اور اس کی ہر مخلوق اس کے ایک کلمہ کن کا ظہور ہے۔ چناچہ اللہ تعالیٰ کی جملہ مخلوقات کا احاطہ کرنا کسی کے بس کی بات نہیں۔ سورة لقمان میں یہی مضمون اس طرح بیان ہوا ہے : وَلَوْ اَنَّ مَا فِی الْاَرْضِ مِنْ شَجَرَۃٍ اَقْلَامٌ وَّالْبَحْرُ یَمُدُّہٗ مِنْم بَعْدِہٖ سَبْعَۃُ اَبْحُرٍ مَّا نَفِدَتْ کَلِمٰتُ اللّٰہِ اِنَّ اللّٰہَ عَزِیْزٌ حَکِیْمٌ ”اور اگر زمین کے تمام درخت قلمیں بن جائیں اور سمندر سیاہی ہو اس کے بعد سات سمندر اور ہوں تب بھی اللہ کے کلمات ختم نہیں ہوں گے۔ یقیناً اللہ غالب حکمت والا ہے۔“
اللہ تعالیٰ کی عظمتوں کا شمار ناممکن۔حکم ہوتا ہے کہ اللہ کی عظمت سمجھانے کے لئے دنیا میں اعلان کر دیجئے کہ اگر روئے زمین کے سمندروں کی سیاہی بن جائے اور پھر اللہ کے کلمات اللہ کی قدرتوں کے اظہار، اللہ کی باتیں، اللہ کی حکمتیں لکھنی شروع کی جائیں تو یہ تمام سیاہی ختم ہوجائے گی لیکن اللہ کی تعریفیں ختم نہ ہوں گی۔ گو پھر ایسے ہی دریا لائے جائیں اور پھر لائے جائیں اور پھر لائے جائیں لیکن ناممکن کہ اللہ کی قدرتیں اس کی حکمتیں اس کی دلیلیں ختم ہوجائیں۔ چناچہ اللہ تعالیٰ جل شانہ کا فرمان ہے (وَلَوْ اَنَّ مَا فِي الْاَرْضِ مِنْ شَجَـرَةٍ اَقْلَامٌ وَّالْبَحْرُ يَمُدُّهٗ مِنْۢ بَعْدِهٖ سَبْعَةُ اَبْحُرٍ مَّا نَفِدَتْ كَلِمٰتُ اللّٰهِ ۭ اِنَّ اللّٰهَ عَزِيْزٌ حَكِيْمٌ 27) 31۔ لقمان :27) یعنی روئے زمین کے درختوں کی قلمیں بن جائیں اور تمام سمندروں کی سیاہیاں بن جائیں پھر ان کے بعد سات سمندر اور بھی لائے جائیں لیکن ناممکن ہے کہ کلمات الہٰی پورے لکھ لئے جائیں اللہ کی عزت اور حکمت اس کا غلبہ اور قدرت وہی جانتا ہے۔ تمام انسانوں کا علم اللہ کے علمی مقابلہ میں اتنا بھی نہیں جتنا سمندر کے مقابلے میں قطرہ۔ تمام درختوں کی قلمیں گھس گھس کر ختم ہوجائیں تمام سمندروں کی سیاہیاں نبڑ جائیں لیکن کلمات الہٰی ویسے ہی رہ جائیں گے جیسے تھے وہ ان گنت ہیں، کون ہے ؟ جو اللہ کی صحیح اور پوری قدروعزت جان سکے ؟ کون ہے جو اس کی پوری ثنا وصفت بجا لاسکے ؟ بیشک ہمارا رب ویسا ہی ہے جیسا وہ خود فرما رہا ہے۔ بیشک ہم جو تعریفیں اس کی کریں وہ ان سب سے سوا ہے۔ اور ان سب سے بڑھ چڑھ کر ہے۔ یاد رکھو جس طرح ساری زمین کے مقابلے پر ایک رائی کا دانہ ہے اسی طرح جنت کی اور آخرت کی نعمتوں کے مقابل تمام دنیا کی نعمتیں ہیں۔