سورہ محمد: آیت 28 - ذلك بأنهم اتبعوا ما أسخط... - اردو

آیت 28 کی تفسیر, سورہ محمد

ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمُ ٱتَّبَعُوا۟ مَآ أَسْخَطَ ٱللَّهَ وَكَرِهُوا۟ رِضْوَٰنَهُۥ فَأَحْبَطَ أَعْمَٰلَهُمْ

اردو ترجمہ

یہ اسی لیے تو ہوگا کہ انہوں نے اُس طریقے کی پیروی کی جو اللہ کو ناراض کرنے والا ہے اور اُس کی رضا کا راستہ اختیار کرنا پسند نہ کیا اِسی بنا پر اُس نے ان کے سب اعمال ضائع کر دیے

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Thalika biannahumu ittabaAAoo ma askhata Allaha wakarihoo ridwanahu faahbata aAAmalahum

آیت 28 کی تفسیر

ذلک بانھم اتبعوا ۔۔۔۔۔۔۔ اعمالھم (47 : 28) “ یہ اسی لیے تو ہوگا کہ انہوں نے اس طریقے کی پیروی کی جو اللہ کو ناراض کرنے والا ہے اور اس کی رضا کا راستہ اختیار کرنا پسند نہ کیا۔ اسی بنا پر اس نے ان کے سب اعمال ضائع کر دئیے ”۔

یعنی انہوں نے خود اپنے لیے یہ انجام پسند کیا ہے ۔ انہوں نے خود اس طریقے کو اپنا یا جو اللہ کو ناراض کرنے والا طریقہ ہے۔ یعنی نفاق ، معصیت اور اللہ کے دشمنوں اور اللہ کے دین کے دشمنوں اور اللہ کے رسول کے دشمنوں کے ساتھ مل کر سازشیں کرنا۔ انہوں نے خود اللہ کی رضا مندی کو ناپسند کیا۔ اور اس کے حصول کی کوشش نہ کی بلکہ انہوں نے وہ کام کیا جس سے اللہ ناراض ہوتا ہے اور غضب میں آتا ہے یوں اللہ نے ان کے تمام اعمال کو (حبط) کردیا۔ جن پر وہ مست تھے اور جن کو وہ ناپسند کرتے تھے اور اپنے ان اعمال کے بارے میں وہ کہتے تھے کہ ہم ان کے بہت ہی ماہرین ہیں۔ یہ مومنین کے خلاف سازشیں کرتے تھے اور یوں بظاہر ان کی یہ سازشیں غبارے کی طرح پھولی ہوئی ہوتیں اور طوفان کی طرح آتیں لیکن چشم زدن میں ختم ہوجاتیں۔

آیت 28 { ذٰلِکَ بِاَنَّہُمُ اتَّبَعُوْا مَآ اَسْخَطَ اللّٰہَ } ”یہ اس لیے کہ انہوں نے پیروی کی اس چیز کی جو اللہ کو ناراض کرنے والی ہے“ { وَکَرِہُوْا رِضْوَانَہٗ فَاَحْبَطَ اَعْمَالَہُمْ } ”اور انہوں نے ناپسند کیا اس کی رضا کو ‘ تو اس نے ان کے تمام اعمال اکارت کردیے۔“ قتال کے اس مرحلے پر ان لوگوں کا نفاق کھل کر سامنے آگیا۔ چناچہ اللہ تعالیٰ نے مسجد نبوی ﷺ میں رسول اللہ ﷺ کی اقتدا میں پڑھی گئی نمازوں سمیت ان کے اب تک کے تمام نیک اعمال ضائع کردیے۔

آیت 28 - سورہ محمد: (ذلك بأنهم اتبعوا ما أسخط الله وكرهوا رضوانه فأحبط أعمالهم...) - اردو