سورہ سعد: آیت 43 - ووهبنا له أهله ومثلهم معهم... - اردو

آیت 43 کی تفسیر, سورہ سعد

وَوَهَبْنَا لَهُۥٓ أَهْلَهُۥ وَمِثْلَهُم مَّعَهُمْ رَحْمَةً مِّنَّا وَذِكْرَىٰ لِأُو۟لِى ٱلْأَلْبَٰبِ

اردو ترجمہ

ہم نے اُسے اس کے اہل و عیال واپس دیے اور ان کے ساتھ اتنے ہی اور، اپنی طرف سے رحمت کے طور پر، اور عقل و فکر رکھنے والوں کے لیے درس کے طور پر

انگریزی ٹرانسلیٹریشن

Wawahabna lahu ahlahu wamithlahum maAAahum rahmatan minna wathikra liolee alalbabi

آیت 43 کی تفسیر

ووھبنا۔۔۔ الالباب (38: 43) ” اور ہم نے اسے اہل و عیال واپس کردیئے اور اپنی طرف سے رحمت کے طور پر ان کے ساتھ اتنے ہی اور دیئے اور عقل وفکر رکھنے والوں کے لئے درس کے طور پر “۔

بعض روایات میں آتا ہے کہ اللہ نے ان کے وہ بچے زندہ کردیئے جو فوت ہوگئے تھے اور اسی تعداد میں اور اولاد بھی دے دی۔ قرآن کریم اس بات کی صراحت نہیں کرتا کہ مردوں کو زندہ کیا گیا۔ مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ جو لوگ ان کو چھوڑ کر غایب ہوگئے تھے ، وہ اور ان کے اہل خانہ واپس کردیئے گئے اور پھر مزید اولاد دی گئی۔ مزید انعام اور رحمت و رعایت کے طور پر۔ اور یہ انعامات اس لیے کیے گئے کہ اہل عقل و دانش اس سے عبرت لیں۔

ان تمام قصص سے مقصود یہ ہے کہ اللہ کے جو بندے اور آزمائشوں میں صبر کریں ان پر کرم نوازی کرتا ہے اور آخر کار ان پر کرم ہوتا ہے۔

یہ کہ ان کی قسم کا نتیجہ کیا ہوا تو اللہ کی رحمت نے ان کو اور ان کی بیوی کو ڈھانپ لیا۔ کیونکہ ان کی بیوی نے اس طویل

آزمائش میں حضرت ایوب کی بہت خدمت کی تھی۔ اور اس نے بھی بہت ہی مصابرت سے کام لیا تھا۔ اللہ نے حکم دیا تھا کہ انہوں نے جتنے کوڑے مارنے کی قسم اٹھائی ہے اتنی ہی شاخیں لیں اور ان تمام شاخوں سے ایک ہی وار اس پر کرلیں۔ اس طرح ان کی قسم پوری ہوجائے گی اور وہ حانث نہ ہوں گے۔

آیت 43 { وَوَہَبْنَا لَہٗٓ اَہْلَہٗ وَمِثْلَہُمْ مَّعَہُمْ } ”اور ہم نے اسے اس کے اہل و عیال بھی عطا کردیے اور ان کے ساتھ ویسے ہی اہل و عیال مزید بھی دیے“ یعنی آپ علیہ السلام کے اہل و عیال آپ علیہ السلام کے پاس واپس آگئے اور اللہ تعالیٰ نے آپ علیہ السلام کو مزید اولاد سے بھی نوازا۔ { رَحْمَۃً مِّنَّا وَذِکْرٰی لِاُولِی الْاَلْبَابِ } ”یہ سب ہماری طرف سے رحمت کا مظہر تھا ‘ اور یاددہانی تھی ہوش مند لوگوں کے لیے۔“

آیت 43 - سورہ سعد: (ووهبنا له أهله ومثلهم معهم رحمة منا وذكرى لأولي الألباب...) - اردو